دارالعلوم دیوبند کی عظمت ووقار کا تحفظ انتظامیہ کی توجہ درکار
دارالعلوم دیوبند، جو دنیا بھر میں علم و فضل کا مرکز اور اسلامی علوم کی عظیم درسگاہ کے طور پر جانا جاتا ہے، اس کی عظمت اور وقار کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ پچھلے دنوں دارالعلوم دیوبند نے عورتوں کے داخلے پر پابندی لگا کر ایک اہم قدم اٹھایا، جس کے نتیجے میں وہاں ویڈیوز بنانے اور دیگر غیر ضروری سرگرمیوں میں کمی آئی۔ یہ اقدام قابلِ تحسین تھا اور اس سے ادارے کی حرمت کو تقویت ملی۔
تاہم، حالیہ دنوں میں ایک اور تشویشناک رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔ کچھ غیر سنجیدہ اور سرپھرے لڑکے، جن میں بعض دارالعلوم کے طلبہ بھی شامل ہو جاتے ہیں، ادارے کے احاطے میں ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال رہے ہیں۔ ان کا یہ عمل نہ صرف دارالعلوم کی عظمت اور وقار کو مجروح کر رہا ہے بلکہ عوام میں یہ تاثر بھی پیدا ہو رہا ہے کہ شاید دارالعلوم دیوبند اس قسم کی سرگرمیوں کو جائز سمجھتا ہے۔
یہ رویہ نہایت افسوسناک اور تشویشناک ہے۔ دارالعلوم دیوبند کو کسی ویڈیو لوکیشن یا تفریحی مقام کے طور پر پیش کرنا اس ادارے کی عزت و وقار کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ اگر اس رجحان کو ابھی روکا نہ گیا تو مستقبل میں یہ مزید بگڑ سکتا ہے اور دارالعلوم کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
لہٰذا، میں دارالعلوم دیوبند کی انتظامیہ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ فوری طور پر ایسے افراد کے خلاف سخت اقدامات کریں اور احاطہ دارالعلوم میں کیمرے اور ویڈیو بنانے پر مکمل پابندی عائد کریں۔ حتیٰ کہ تصاویر کھینچنے کی بھی اجازت نہ دی جائے، تاکہ اس عظیم درسگاہ کا تقدس محفوظ رہے اور کوئی اس کا غلط استعمال نہ کر سکے۔
یہ اقدام نہ صرف دارالعلوم دیوبند کی حرمت کو محفوظ کرے گا بلکہ اس کے مخالفین کو بھی کوئی موقع نہیں مل سکے گا کہ وہ ادارے کی شبیہ کو خراب کریں۔ ہم سب کو مل کر اس ادارے کی عظمت اور اس کے علمی ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ ہمیں سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے اور دارالعلوم دیوبند کی عظمت ووقار کی حفاظت کی توفیق عطا فرمائے آمین
محمد مصروف رحیمی غفرلہ
0 تبصرے